کاروار 4 / اکتوبر (ایس او نیوز) ریاست میں الیکشن کے دن قریب آتے ہی کاروار اسمبلی حلقہ میں سابق ایم ایل اے آنند اسنوٹیکر کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ پچھلے کچھ عرصہ سے نیوز میں دکھائی نہ دینے والے آنند اسنوٹیکر نے انکولہ - کاروار حلقہ کو نشانہ بنا کر اپنی سیاسی سرگرمیوں کا خاکہ بنالیا ہے ۔ اس کا اشارہ اس بات سے ملتا ہے کہ 3 اکتوبر کو اسنوٹیکر نے انکولہ کے ایک ہوٹل میں اپنے حامیوں کی ایک میٹنگ منعقد کی ہے۔
چونکہ گزشتہ الیکشن میں جے ڈی ایس سے انتخاب لڑنے اور شکست کھانے والے آنند اسنوٹیکر نے اس مرتبہ جے ڈی ایس کی ٹکٹ پر میدان میں اترنے سے صاف طور پر انکار کیا ہے ۔ اس پس منظر میں اسنوٹیکر نے انکولہ کے ایک ہوٹل میں اپنے حامیوں کی میٹنگ رکھی تھی تاکہ آئندہ کس پارٹی سے الیکشن لڑنا بہتر ہوگا اس پر مشورہ ہو ۔ میٹنگ میں اس بات پر گفتگو کی گئی کہ آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے کی صورت میں کیا عوام کا ساتھ ملے گا ، یا پھر کسی پارٹی سے منسلک ہوکر ہی سیاسی طور پر آگے بڑھنا ہوگا ۔
خیال رہے کہ کاروار۔انکولہ اسمبلی حلقہ میں اِس وقت بی جے پی سے منتخب روپالی نائک اور کانگریس کے سابق ایم ایل اے ستیش نائک کے درمیان مقابلہ آرائی چل رہی ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ آئندہ ہونے والے انتخاب میں بھی ان دونوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا ۔
انکولہ میں منعقدہ میٹنگ کے سلسلے میں اسنوٹیکر کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سال سے میں سیاسی اقتدار میں نہیں ہوں ۔ اس کے باوجود میرے حامی ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے ہیں ۔ اس بار الیکشن جیتنے کی نیت سے ہی میدان میں قدم رکھنا ہے اس لئے تمام حامیوں سے صلاح و مشورہ ضروری ہے۔ پتہ چلا ہے کہ آنند اسنوٹیکر کی طرف سے اپنے سیاسی موقف کا خلاصہ 15 اکتوبر کو کیا جائے گا ۔